وزیراعظم سے ملاقات، سیکریٹری جنرل او آئی سی کا فلسطین اور کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت پاکستان کی مستقل پالیسی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ پاکستان پر او آئی سی سیکریٹری جنرل کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ رکن ممالک کی جانب سے اتفاق رائے سے ان کا انتخاب ان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد موقع حاصل ہے۔

او آئی سی سیکریٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابل قدر کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیچیدہ چیلنجز سے دوچار مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کے کردار کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US