ای سی او اجلاس میں اقتصادی تعاون 2035 کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتامی کلمات میں رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ اجلاس کے دوران کیے گئے مشترکہ وعدوں کو ٹھوس اقدامات اور عملی نتائج میں تبدیل کیا جائے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں علاقائی اقتصادی تعاون اور انضمام کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ اقتصادی تعاون 2035 کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری آئندہ دہائی کے لیے تنظیم کی سمت متعین کرنے میں اہم سنگ میل ہے۔ اسلام آباد اعلامیے کے ساتھ یہ اہداف علاقائی ترجیحات کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اجتماعی عزم کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل کیا جائے، جس کے لیے واضح ترجیحات، حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز اور مؤثر فالو اَپ میکنزم ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں علاقائی تعاون کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور پاکستان ایک مضبوط، مؤثر اور فعال ای سی او کا مسلسل حامی رہا ہے، جو رکن ممالک کی جغرافیائی قربت، تاریخی روابط اور معاشی تکمیلات کو بروئے کار لا کر عوام کی فلاح و بہبود کو فروغ دے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ای سی او کی چیئرمین شپ کے دوران پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ای سی او اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ علاقائی رابطوں کے فروغ، خطے کے اندر تجارت میں سہولت اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کا موضوع “Reviving Regionalism for a Resilient ECO” علاقائی تعاون کو نئی قوت دینے اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ سنبھالے ہوئے ہے اور 2027 میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 31ویں اجلاس کی میزبانی کا منتظر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ اجلاس میں مشترکہ ترجیحات پر ہونے والی پیش رفت کے ٹھوس نتائج کا جائزہ لیا جا سکے گا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان 2027 میں 19ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی بھی میزبانی کرے گا اور امید ظاہر کی کہ تمام رکن ممالک اعلیٰ ترین سطح پر اجلاس میں شرکت اور تعاون کریں گے۔ انہوں نے ایران کو 3 اور 4 دسمبر 2026 کو 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم نے اجلاس کی تیاریوں میں تعاون پر ای سی او کے سیکریٹری جنرل، ان کی ٹیم، ای سی او کے مستقل نمائندوں اور سینئر حکام کا شکریہ ادا کیا، جبکہ پاکستان کی چیئرمین شپ کے لیے تعاون اور حمایت پر تمام رکن ممالک کا بھی اظہار تشکر کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس کے نتائج کو رکن ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اجلاس کا اختتام کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US