پاکستان علاقائی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، روابط اور معاشی انضمام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لا کر خطے کے ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کی جاسکتی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے ملاقات کی۔ وفود ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ای سی او کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ای سی او وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اسلام آباد اعلامیے کی منظوری کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2026ء سے 2035ء تک معاشی تعاون کے لیے طے کیے گئے اسٹریٹجک اہداف تنظیم اور خطے کے لیے اہم پیش رفت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو 2026ء سے 2027ء تک ای سی او کی صدارت ملنا اہم ذمہ داری ہے، اس دوران علاقائی تعاون کی بحالی اور تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مشترکہ فیصلوں کے ثمرات خطے کے عوام تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے اہم جغرافیائی محل وقوع کے باعث سڑکوں، ریلوے اور دیگر ذرائع نقل و حمل کے ذریعے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں سے منسلک راہداریوں کے ذریعے بالخصوص خشکی میں گھرے ای سی او رکن ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو درپیش سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے رکن ممالک کو 2027ء میں لاہور کو ای سی او کا سیاحتی مرکز قرار دیے جانے کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان ای سی او کی صدارت کے دوران تمام رکن ممالک اور تنظیم کے سیکریٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان 2027ء میں ای سی او وزراء کونسل کے آئندہ اجلاس اور ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے وفود کی میزبانی کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US