لاہور میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ، نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری

image

لاہور میں مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی، مبینہ کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ پرائس کنٹرول کی ذمہ داریوں کے لیے مختلف محکموں سے تعینات کیے گئے افسران کو بھی عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے فیصلے کے تحت مجموعی طور پر 44 افسران کو پرائس کنٹرول کی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پرائس کنٹرول کے موجودہ نظام کو ختم کرکے اس کی جگہ نئی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت تھانوں کی سطح کے بجائے تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کیے جائیں گے، جبکہ پیرا فورس، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی پرائس کنٹرول کے اختیارات دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے پرائس کنٹرول نظام کے لیے افسران کی نئی فہرستیں مرتب کی جائیں گی، جس کے بعد نئی ٹیمیں گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں کریں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US