ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگی اور خودکش ڈرونز نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر امریکی فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا، جہاں پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ڈرون و میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز حملے کا ہدف تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی فوج نے حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان یا جانی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ امریکی اور کویتی حکام کی جانب سے بھی اس دعوے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب بحرین کی دفاعی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا۔ بحرین میں شہریوں کو دو مرتبہ خطرے کے انتباہات بھی جاری کیے گئے۔
ادھر کویتی فوج نے بھی بدھ کی صبح ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ خلیجی ممالک میں یہ دفاعی کارروائیاں خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہیں۔