بحرانوں سے نکلنے کے لیے ایک سیاسی ری سیٹ ناگزیر ہے، بلاول بھٹو زرداری

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی قیدیوں کو بالآخر رہا کرنا ہوگا اور موجودہ بحرانوں سے نکلنے کے لیے ایک سیاسی ری سیٹ ناگزیر ہے۔

کراچی پریس کلب میں 'میٹ دی پریس' تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملکی معاشی صورتحال، عوامی مشکلات، اپوزیشن کے تحفظات اور ریاستی اداروں پر اعتماد کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی اظہار خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام آج جس قدر شدید معاشی دباؤ اور مشکلات کا شکار ہیں، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے غریب اور پسماندہ طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جہاں شہریوں کے لیے بیک وقت بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق بجلی کے بھاری بلوں اور علاج معالجے کے اخراجات نے عام آدمی کو خوف زدہ کر رکھا ہے، جبکہ عالمی جنگوں اور علاقائی کشیدگی کے اثرات بھی ملکی حالات پر مرتب ہو رہے ہیں۔

حکمرانوں کی ترجیحات پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کا معاشی بوجھ کم کرنا ہے، تاہم موجودہ حکمران اصل مسائل حل کرنے کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔ نظام کی ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ موجودہ سسٹم خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے سوچے سمجھے انداز میں ناکام بنایا گیا ہے، اور اس صورتحال کی ذمہ داری وہ خود بھی قبول کرتے ہیں۔

پارلیمانی سیاست اور اپوزیشن کے کردار پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کا پارلیمان سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور اس کے پاس اس بے اعتمادی کی ٹھوس وجوہات موجود ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن بالخصوص مولانا فضل الرحمٰن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، لیکن بدقسمتی سے تنقید کرنے پر ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے حکومت کو یاد دلایا کہ پی ڈی ایم کے دور میں مولانا فضل الرحمٰن کے کلیدی کردار کے بغیر آج یہ حکمران اقتدار کی کرسی پر براجمان نہ ہوتے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے میڈیا، پارلیمنٹ اور دیگر ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں میڈیا آج جتنا کمزور ہے، پہلے کبھی نہیں تھا۔ کراچی پریس کلب کی جمہوری خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قلم کی طاقت کسی بھی گولی یا ہتھیار سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے اور صحافی ہی عوام کے حقیقی مسائل ایوانوں تک پہنچانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US