ملک کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات نے ماہانہ بنیادوں پر تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
حکومتی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان سے 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مالیت کی آئی ٹی خدمات برآمد کی گئیں، جو کسی بھی ایک ماہ میں اب تک کی سب سے زیادہ مالیت ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 17.4 فیصد جبکہ ستمبر کے مقابلے میں 4.1 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں یعنی جولائی سے اکتوبر کے دوران مجموعی آئی ٹی برآمدات ایک ارب 73 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فیصد زائد ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مالی سال 26-2025 میں بھی ملکی آئی ٹی برآمدات 20.6 فیصد کے سالانہ اضافے کے ساتھ 4 ارب 60 کروڑ ڈالر کی تاریخی سطح پر رہی تھیں۔