رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پاکستان کو غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 5 ارب 90 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 ارب 88 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2026 تک حکومت نے 1637 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 649 ارب روپے تھی، یوں بیرونی قرضوں کے حصول میں 988 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اکتوبر 2026 میں حکومت کو 122 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے موصول ہوئے، جن میں 90 ارب روپے بجٹ سپورٹ اور شارٹ ٹرم فنانسنگ جبکہ 24 ارب 50 کروڑ روپے پراجیکٹ فنانسنگ کی مد میں حاصل ہوئے۔ تاہم اکتوبر 2025 کے مقابلے میں اکتوبر 2026 کے دوران غیر ملکی قرضوں کے حصول میں 10 ارب روپے کی کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے نئے بانڈز بھی جاری کیے۔ ان میں ایک ارب 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.5 فیصد شرح منافع مقرر کی گئی ہے، جن کی میچورٹی 2032 میں ہوگی، جبکہ ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.9 فیصد شرح منافع ادا کیا جائے گا اور یہ بانڈز 2036 میں میچور ہوں گے۔ تین ارب ڈالر کے ان بانڈز سے حاصل ہونے والی رقم بجٹ سپورٹ کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔
نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے اکتوبر 2026 میں 44 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ ستمبر میں اس مد میں 31 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سالانہ بنیادوں پر سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران چین سے 30 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کے ضمانتی قرضے موصول ہوئے، جبکہ اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان کو ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔ فرانس سے 2 کروڑ ڈالر اور جرمنی سے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت بھی حاصل ہوئی۔
علاوہ ازیں عالمی بینک کے آئی ڈی اے پروگرام کے تحت چار ماہ میں 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 17 کروڑ ڈالر اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے۔
اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ماہ کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے جبکہ اسی بینک سے شارٹ ٹرم فنانسنگ کی مد میں مزید 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر بھی موصول ہوئے۔