آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کوئٹہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ ننھے شطرنج کے کھلاڑی عبدالرحمٰن سے ملاقات کی اور اس کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے بھرپور سرپرستی اور معاونت کا اعلان کیا۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ ننھا عبدالرحمٰن انتہائی ذہین اور باصلاحیت بچہ ہے، جو دوسری جماعت کا طالب علم ہے اور شطرنج میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ننھے اور باصلاحیت بچوں سے ملاقات ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ انہوں نے ننھے عبدالرحمٰن کو شطرنج کھیلتے اور ماہر کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے دیکھا ہے، اس کی صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔ اسلام آباد پولیس اس ننھے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کرے گی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پاکستان شطرنج فیڈریشن، متعلقہ تنظیموں اور دیگر فورمز پر ننھے عبدالرحمٰن کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں گی، جبکہ اسلام آباد پولیس اس کے لیے باقاعدہ کوچنگ اور مالی معاونت کا بھی انتظام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ننھے کھلاڑی کو شطرنج کے مختلف مقابلوں میں شرکت کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کرے گی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ بچہ مستقبل میں اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کرے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ باصلاحیت بچوں کو دفتر مدعو کرنے کا مقصد مستقبل میں ان کی بھرپور سرپرستی، معاونت اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی سیکیورٹی رانا عمر فاروق کو بھی ان بچوں کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں متعارف کرانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران ننھے کھلاڑیوں نے اسلام آباد پولیس کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور پولیس امور کی انجام دہی کا جائزہ لیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ننھے کھلاڑیوں کو تحائف اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔