پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران اسموگ کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں کے لیے الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں اسموگ کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق جھنگ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو، بہاولپور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی اسموگ اور دھند کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور دیگر سانس کی بیماریوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شہری سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور اسموگ و دھند کی شدت کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔