پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین کو ملازمت سے برطرف کرتے ہوئے ان پر 10 برس کی پابندی عائد کردی ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عابد حسین پر بدعنوانی، ناقص انتظام اور ریجنل و زونل سطح کے کوچز کو دھمکانے کے سنگین الزامات تھے۔
پی سی بی کے تحقیقاتی پینل کے روبرو پیشی کے دوران وہ اپنے خلاف عائد کردہ الزامات کا کوئی تسلی بخش دفاع پیش کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد ان کے خلاف یہ تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
فیصلے کے تحت عابد حسین آئندہ 10 سال تک پاکستان کرکٹ بورڈ، کسی بھی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن یا بورڈ سے منسلک کسی بھی ادارے کے ساتھ کام کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔