بال ٹیمپرنگ تنازع کا نیا رخ: پیٹ کمنز پر کپتانی چھوڑنے کا دباؤ بڑھ گیا

image

کیمرون بین کرافٹ کے حالیہ انکشافات کے بعد 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کا معاملہ ایک مرتبہ پھر آسٹریلوی کرکٹ میں زیرِ بحث آ گیا ہے، جس کے پیشِ نظر صحافیوں نے آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کو ان کی رہائش گاہ کے باہر گھیر کر سوالات کیے۔

نمائندوں نے بین کرافٹ کے بیانات پر پیٹ کمنز کا مؤقف جاننے کی کوشش کی، تاہم آسٹریلوی کپتان نے کسی بھی قسم کا تفصیلی تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور ٹریننگ سیشن میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے۔

دوسری جانب پیٹ کمنز کے منیجر نے واضح کیا ہے کہ ان کے مؤکل اس معاملے پر اپنے سابقہ مؤقف پر قائم ہیں اور گزشتہ آٹھ برسوں سے ان کے بیان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ادھر آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس تنازع کے دوبارہ ابھرنے سے پیٹ کمنز پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ کمنز نے اس واقعے سے متعلق حقائق کو جان بوجھ کر پوشیدہ رکھا، لہٰذا انہیں کپتانی کے عہدے سے الگ ہو جانا چاہیے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ قیادت میں ممکنہ تبدیلی کی صورت میں ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس اور ایلکس کیری کو نئے ٹیسٹ کپتان کے امیدواروں کے طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US