عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار الیگزینڈر زیوریف کے خلاف ان کی سابقہ ساتھی برینڈا پیتیا نے ایک نئی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس پر جرمن کھلاڑی کے وکلا نے عدالت میں اپنا دفاع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیتیا کی جانب سے دائر کردہ اس نئے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ زیوریف نے ماضی کے گھریلو تشدد کیس کے اختتام کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور خود کو بے گناہ قرار دینے کا غلط دعویٰ کیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ زیوریف کو آئندہ اس نوعیت کے بیانات جاری کرنے سے روکا جائے اور انہیں ہرجانہ ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔
اس تنازعے کا پس منظر اکتوبر 2023 سے جڑا ہے جب جسمانی تشدد کے الزامات پر زیوریف کے خلاف سزا سنائی گئی تھی، جسے انہوں نے چیلنج کردیا تھا۔ بعد ازاں جون 2024 میں برلن کی عدالت میں سماعت کے دوران برینڈا پیتیا کی درخواست اور زیوریف کی رضامندی سے یہ مقدمہ ختم کردیا گیا تھا۔
اس موقع پر عدالت نے یہ وضاحت بھی جاری کی تھی کہ کارروائی کے خاتمے کا مطلب نہ تو ملزم پر جرم ثابت ہونا ہے اور نہ ہی اسے بری قرار دینا ہے۔
دوسری جانب، زیوریف کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کو اپنی بے گناہی پر یقین رکھنے اور اس کا اظہار کرنے کا مکمل قانونی حق حاصل ہے۔