راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی بولرز کا راج، تیسرے روز سری لنکا کے 74 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

image

پاکستانی فاسٹ بولرز نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کا پلڑا بھاری کر دیا جب انہوں نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا کی دوسری اننگز میں 74 رنز پر 3 وکٹیں گرا دیں۔

بدھ کے روز پہلی اننگز میں 227 رنز کے خسارے سے دوچار ہونے والی سری لنکن ٹیم کو دن کے اختتام پر پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ایک مرحلے پر 193 رنز پر چھ وکٹیں گر جانے کے بعد پاکستانی فاسٹ بولرز ثاقب خان اور رضا اللہ جبکہ وکٹ کیپر غازی غوری نے ٹیم کو بڑی برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

آج صبح نائٹ واچ مین کے طور پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے ثاقب نے 37 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ بعد ازاں رضا اللہ نے محض 32 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔

دوسری جانب غازی نے 90 گیندوں پر 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ایک اینڈ سنبھالے رکھا، جبکہ سری لنکن فاسٹ بولرز اپنے پاکستانی ہم منصبوں جیسی موومنٹ اور باؤنس حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

تیسرے روز 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کرنے والی پاکستانی ٹیم نے سینیئر بیٹر سعود شکیل کی وکٹ 24 رنز پر گنوائی، جنہیں لہیرو کمارا نے آؤٹ کیا۔ کمارا نے 95 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان رواں سال کے اوائل میں کیریبین اور انگلینڈ کے تباہ کن دوروں میں مسلسل چار شکستوں کے بعد پہلی فتح کی تلاش میں ہے، جبکہ سری لنکا نے 2017 کے بعد سے پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US