پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کے باعث جنگی طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جس کے پیش نظر مسلح افواج کو ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری قائم ہے، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ نے جدید خطوط پر استوار ہونے اور اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی نے جنگ کے انداز کو تبدیل کر دیا ہے، لہٰذا مسلح افواج کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔