’’فوجی جوان صرف تنخواہ کے لیے جان نہیں دیتے‘‘ خاقان شاہنواز کے بیان پر شدید تنقید، معافی بھی کام نہ آئی

image

’’یہ بے حسی کی انتہا تھی، لیکن خوشی ہے کہ علی سفینہ نے اس معاملے پر آواز اٹھائی۔‘‘ اداکار شہزاد نواز نے خاقان شاہنواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا،’’میں ایک شہید فوجی کے پڑوس میں رہتا ہوں۔ ان کی جوان بیوہ آج بھی شدید صدمے میں ہے، جبکہ ان کی ایک سالہ بیٹی کو یہ بھی معلوم نہیں کہ اس کے والد اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘‘

ایک اور صارف کا کہنا تھا،’’پوڈکاسٹ کرنے والوں اور شہداء کا اس طرح موازنہ ہونا افسوسناک ہے۔ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔‘‘

پاکستانی اداکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر خاقان شاہنواز ایک پوڈکاسٹ میں فوجی جوانوں سے متعلق دیے گئے بیان کے بعد شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ ان کے الفاظ پر سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوئی تو انہیں وضاحت کے ساتھ معافی بھی مانگنا پڑی۔

پوڈکاسٹ کے دوران خاقان شاہنواز مختلف پیشوں کی اہمیت پر گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ملک کے لیے کام کرنے والا ہر شخص عزت کا مستحق ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔ اسی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر خدمات انجام دینے والے فوجیوں کو بھی اپنے کام کی تنخواہ ملتی ہے۔

تاہم ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر سخت ناپسند کیا گیا۔ متعدد صارفین نے اعتراض کیا کہ فوجی جوانوں کی خدمات کو محض ملازمت اور تنخواہ تک محدود نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ وہ ملک کی حفاظت کے دوران اپنی جان بھی خطرے میں ڈالتے ہیں اور کئی جوان دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شہید ہوچکے ہیں۔

تنقید بڑھنے کے بعد خاقان شاہنواز نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے معذرت کی۔ انہوں نے وضاحت دی کہ ان کی بات کو اصل سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ان کا مقصد فوج یا شہداء کی قربانیوں کی توہین کرنا نہیں تھا بلکہ وہ صرف یہ کہنا چاہتے تھے کہ ہر پیشے سے وابستہ افراد کو احترام ملنا چاہیے۔

خاقان نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کی مسلح افواج سے محبت کرتے ہیں، ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمیشہ ان کی حمایت کرتے آئے ہیں۔

تاہم معافی اور وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں جیسے حساس موضوعات پر گفتگو کرتے وقت الفاظ کا انتخاب انتہائی احتیاط سے کرنا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US