"میں جب بھی موبائل چارجنگ پر لگاتا تو کچھ دیر بعد وہ کسی دوسری جگہ پڑا ملتا۔ رات کو سوتے ہوئے محسوس ہوتا جیسے کوئی میری ٹانگیں کھینچ رہا ہے یا میرے بالوں میں انگلیاں پھیر رہا ہے۔ ایک بار تو مجھے ایسا لگا جیسے میرا جسم بستر سے چند انچ اوپر اٹھ گیا ہو۔ ان واقعات سے میں اتنا ڈر گیا تھا کہ اکیلے سونا ہی چھوڑ دیا۔"
پاکستانی اداکار ببرک شاہ نے اپنے پرانے گھر میں پیش آنے والے مبینہ پراسرار واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں رہائش کے دوران انہیں کئی ایسے تجربات ہوئے جن کی وجہ وہ سمجھ نہیں سکے۔
تابش ہاشمی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ کام میں مصروف تھے کہ اچانک واش روم سے فلش چلنے کی آواز آئی، لیکن وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔ اسی طرح رات کے وقت دروازے زور سے ہلنے لگتے تھے اور انہیں محسوس ہوتا جیسے کوئی کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہو۔
ببرک شاہ کے مطابق سب سے عجیب تجربہ اس وقت ہوا جب انہیں نیند کے دوران اپنا جسم بستر سے اوپر اٹھتا محسوس ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ آنکھ کھلنے پر انہیں لگا جیسے وہ آہستہ آہستہ دوبارہ بستر پر آ گئے ہوں۔ اس واقعے کے بعد انہیں شبہ ہوا کہ گھر میں کوئی غیر مرئی مخلوق موجود ہے۔
اداکار نے بتایا کہ مسلسل خوف کے باعث وہ رات اپنی بہنوں کے کمرے میں گزارنے لگے۔ انہوں نے سکون کے لیے نماز کی پابندی اور اذان دینا بھی شروع کی، تاہم ان کے بقول غیر معمولی واقعات کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔ بالآخر ببرک شاہ اور ان کے اہلِ خانہ نے وہ مکان چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔