برطانوی پارلیمنٹ میں ایمن اور منیب کو اعزاز، کراچی سے متعلق بیان پر تنقید کا سامنا

image

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں اعزاز سے نوازا گیا، تاہم اسی دورے کے دوران کراچی کے حالات سے متعلق ان کے بیانات نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع کر دی۔

لندن کے ویسٹ منسٹر میں واقع برطانوی پارلیمنٹ کے ایک کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب میں دونوں فنکاروں کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری اور ثقافت کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر اعزازی اسناد دی گئیں۔ تقریب کا انعقاد آرٹس پروموٹر عطاء حق نے کیا تھا، جبکہ برطانوی پاکستانی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی دعوت پر مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اعزاز ملنے پر دونوں اداکاروں نے خوشی کا اظہار کیا۔ منیب بٹ نے پارلیمنٹ کے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے دلچسپ انداز میں کہا کہ اس تجربے کے بعد وہ سیاست میں آنے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔ ایمن خان نے پاکستان اور برطانیہ میں مداحوں سے ملنے والی محبت کو اپنے لیے باعثِ خوشی قرار دیا۔

دوسری جانب برطانیہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ایمن اور منیب سے اداکارہ حنا الطاف کے کراچی کو جیل قرار دینے والے بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو دونوں نے اس رائے سے اختلاف کیا۔

ایمن خان کا کہنا تھا کہ خواتین پہلے کے مقابلے میں زیادہ خودمختار ہو رہی ہیں اور انہیں ذاتی طور پر کراچی میں ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ حنا الطاف کے تجربات ان سے مختلف ہوسکتے ہیں۔

منیب بٹ نے بھی کراچی اور سندھ کی صورتحال پر نسبتاً مثبت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔

دونوں فنکاروں کے ان خیالات پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقیدی ردعمل سامنے آیا۔ بعض لوگوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معروف شخصیات کو عام شہریوں کی روزمرہ مشکلات اور سکیورٹی خدشات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے، جبکہ کچھ صارفین نے حنا الطاف کی تشویش سے اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US