گینگسٹر کی جانب سے امیتابھ بچن کے بعد ابھیشیک بچن کو بھی قتل کی دھمکیاں

image

بالی وڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کے بعد اب ان کے بیٹے اور معروف اداکار ابھیشیک بچن کو بھی قتل کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مختصر پیغام شیئر کیا تھا جس میں صرف 'بچ گئے' کے الفاظ درج تھے۔ اس پوسٹ کے سامنے آنے کے بعد گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن دونوں کو آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس سے قبل بھی مذکورہ گینگسٹر کی طرف سے ای میلز بھیج کر امیتابھ بچن کی رہائش گاہ 'جلسہ' کو بم دھماکے سے تباہ کرنے کی دھمکی دی جا چکی ہے۔

گینگسٹر گولڈی ڈھلوں نے اپنی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بلٹ پروف کیبن اور دیگر سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود باپ بیٹے کو نشانہ بنایا جائے گا۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے ان کے گروہ کے دو کارندوں وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاری سے ان کے منصوبے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ شہر میں ان کے دو سو سے زائد ساتھی محض ایک اشارے کے منتظر ہیں جو اس ہدف کو پورا کر دیں گے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے تاحال اس سوشل میڈیا پوسٹ کے مستند ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی اس تازہ دھمکی پر باقاعدہ تفتیش شروع کی گئی ہے، جبکہ بچن خاندان یا ان کی انتظامی ٹیم کی جانب سے بھی اس واقعے پر فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US