بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا کی جانب سے معروف اداکار نوازالدین صدیقی کے بارے میں کی گئی ایک غیر متوقع پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اداکارہ کے سخت الفاظ اور نوازالدین کے جواب نے مداحوں کو حیران کردیا، تاہم کئی صارفین اسے دونوں فنکاروں کے نئے پراجیکٹ کی تشہیر قرار دے رہے ہیں۔
دیا مرزا نے حال ہی میں انسٹاگرام پر نوازالدین صدیقی کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی ناخوشگوار قرار دیا۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے ساتھ کام کرنا خوفناک تجربہ رہا، انہیں بات کرنے کی تمیز نہیں اور ان کا رویہ حد سے زیادہ جارحانہ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دیا مرزا نے اپنے بیان میں کسی مخصوص واقعے کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ انہیں نوازالدین کے رویے سے کیا شکایت پیش آئی تھی۔
دوسری جانب نوازالدین صدیقی بھی خاموش نہ رہے اور انہوں نے جواب دیتے ہوئے لکھا، ’’رویے میں خامیاں نکالنا آسان ہے، کام میں خامی نکال کر دکھائیے۔‘‘
دونوں اداکاروں کے درمیان اس غیر معمولی تبادلۂ خیال نے مداحوں کو الجھن میں ڈال دیا۔ بعض صارفین نے اسے حقیقی اختلاف سمجھا، جبکہ دیگر نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ سب آنے والے پراجیکٹ کے لیے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیا مرزا اور نوازالدین صدیقی جلد ہی ایک نئے پراجیکٹ ’ڈاکٹر حسن‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ اسی وجہ سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دونوں کی متنازع پوسٹس دراصل اس پراجیکٹ کی تشہیری مہم کا حصہ ہوسکتی ہیں۔
ایک صارف نے اس انداز پر تنقید کرتے ہوئے لکھا، ’’اگر آپ اپنے آنے والے پراجیکٹ کی تشہیر کے لیے ایسے طریقے اختیار کر رہے ہیں تو براہِ کرم ایسا نہ کریں، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘
فی الحال دونوں اداکاروں کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان کے درمیان واقعی کوئی اختلاف موجود ہے یا یہ محض تشہیر کا منفرد انداز ہے۔ تاہم ان پوسٹس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔