پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کے منصب تک پہنچایا اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کریں۔
ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کریڈٹ تو لیتے ہیں، تاہم انہیں معاشی معاملات پر یکسوئی سے کام کرنے کا موقع نہیں مل سکا کیونکہ جب بھی وہ اس جانب قدم بڑھاتے ہیں، کوئی نہ کوئی وزیر اپنا الگ ایجنڈا سامنے رکھ دیتا ہے۔
خطے کی صورتحال اور معاشی چیلنجز پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایران کی جنگ کے باعث پیدا ہونے والے اثرات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ براہِ راست عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں فی الحال امن کا کوئی معاہدہ ہوتا دکھائی نہیں دے رہا اور جب تک یہ جنگ جاری ہے، عوامی مشکلات برقرار رہیں گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملکی سیاست میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت کمزور پڑ گئی ہے، جبکہ دنیا بھر میں مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
زرعی شعبے اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی زراعت کا نوے فیصد دارومدار چھوٹے کاشتکاروں پر ہے، جنہیں موجودہ حالات میں کھاد کی دستیابی سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کاشتکاروں کی معاونت کے لیے بے نظیر ہاری کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے اور انہیں فی ایکڑ چار ہزار روپے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مزید برآں، انہوں نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کو آفت زدہ قرار دینے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کو آٹھ ہزار روپے دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی بحران میں عوام کو سہارا دینا ہی ان کی جماعت کا طرزِ سیاست ہے۔