سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ: سفیان خان کی ہیٹ ٹرک، پاکستان نے کینیڈا کو 1-5 سے ہرا دیا

image

پاکستان نے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے اپنے پہلے میچ میں کینیڈا کو پانچ کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔

مقابلے کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ دوسرے کوارٹر کے تیسرے منٹ، یعنی مجموعی طور پر 18ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول داغ کر پاکستان کو برتری دلائی، جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔

تیسرے کوارٹر کے 37ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کر کے پاکستان کا اسکور دو صفر کر دیا، تاہم 45ویں منٹ میں کینیڈا کے کیرن رابنسن نے فیلڈ گول کر کے خسارہ کم کردیا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان نے مزید تین گول اسکور کیے۔ 48ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ 52ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول داغا۔ اگلے ہی منٹ، یعنی 53ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اسکور پانچ ایک کردیا۔

پاکستان کے پانچ گولز میں سے تین پنالٹی کارنرز پر جبکہ دو فیلڈ گولز کے ذریعے اسکور ہوئے۔ قومی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ کل امریکا کے خلاف کھیلے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US