پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے وزن میں نمایاں کمی کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر بالآخر وضاحت کردی۔
پی ٹی وی کے سنہری دور سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والی شگفتہ اعجاز آج بھی شوبز انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ان کی شخصیت میں آنے والی تبدیلی نے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین کا خیال تھا کہ اداکارہ نے وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک یا مونجارو انجیکشن کا استعمال کیا ہے۔
تاہم واسع چوہدری کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے شگفتہ اعجاز نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ کینسر کے باعث شوہر یحییٰ صدیقی کے انتقال کے بعد وہ شدید غم سے گزریں، جس کا اثر ان کی جسمانی صحت اور وزن پر بھی پڑا۔
شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ وہ وزن گھٹانے والے انجیکشنز یا خصوصی چائے کے استعمال کی حمایت نہیں کرتیں بلکہ خوراک میں تبدیلی اور ورزش کو ترجیح دیتی ہیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ غم کے باعث وزن میں کمی کوئی ایسی چیز نہیں جس کا وہ دوسروں کو مشورہ دیں گی۔ ان کی موجودہ جسمانی تبدیلی کے پیچھے کسی انجیکشن کا نہیں بلکہ زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ دور کا اثر ہے۔