پاکستان کی معروف اداکارہ اور ماڈل فضا علی اپنی خوبصورتی کے ساتھ فٹنس کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہیں۔ ندا یاسر کے مارننگ شو میں انہوں نے اپنی خوراک سے متعلق ایک دلچسپ راز بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ آٹے کی تبدیلی سے انہوں نے اپنا وزن 5 کلو تک کم کیا۔
فضا علی کے مطابق پہلے وہ گندم کے آٹے کی روٹی کھاتی تھیں، تاہم وزن بڑھنے کی شکایت پر انہوں نے پانچ مختلف اجناس سے تیار کردہ آٹا استعمال کرنا شروع کیا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے نہ صرف ان کا وزن کم ہوا بلکہ صحت کے دیگر مسائل میں بھی بہتری آئی۔
اس خاص آٹے کی تیاری کے لیے فضا علی جو، باجرا، مکئی، سویابین اور کالے چنے برابر مقدار میں لے کر پسواتی ہیں۔ ان اجزا میں فائبر اور پروٹین سمیت کئی اہم غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں، جو وزن متوازن رکھنے اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
فضا علی نے اس آٹے کی روٹی بنانے کا طریقہ بھی بتایا۔ ان کے مطابق آٹے کو نیم گرم پانی سے تقریباً پانچ منٹ تک اچھی طرح گوندھیں۔ روٹی بنانے کے لیے بیلن استعمال کرنے کے بجائے ہاتھوں پر نیم گرم پانی لگا کر اسے آہستہ آہستہ پھیلائیں اور توے پر پکا لیں۔
تاہم وزن میں کمی کے لیے متوازن غذا اور جسمانی سرگرمیوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔