معروف پاکستانی اداکارہ سارہ خان کو اپنے شوہر فلک شبیر کی تعریف میں دیا گیا ایک بیان واپس لینا پڑگیا، جس کی وجہ ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کی کہانی میں آنے والا نیا موڑ ہے۔
کچھ عرصہ قبل ایک مارننگ شو میں سارہ خان نے اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ پہلے معمولی باتوں پر بھی پریشان ہوجاتی تھیں، لیکن فلک شبیر سے انہوں نے مشکل حالات میں پرسکون رہنا اور دوسروں کے احساسات کو سمجھنا سیکھا ہے۔
اسی دوران میزبان نے ڈرامے کے مقبول کردار ابوبکر کا ذکر کرتے ہوئے فلک شبیر کو ان جیسا مثالی شوہر قرار دیا، جس پر سارہ خان نے محبت بھرے انداز میں کہا تھا کہ فلک تو ابوبکر کے بھی ابو ہیں۔
تاہم ڈرامے کی حالیہ قسط نے صورت حال ہی بدل دی۔ ابوبکر کے والد چوہدری امان علی گجر کی حقیقت سامنے آئی تو معلوم ہوا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ خوش بخت کو دھوکا دیا تھا، جس پر ناظرین نے اس کردار کو سخت ناپسند کیا۔
کہانی میں اس غیرمتوقع موڑ کے بعد سارہ خان نے بھی مزاحیہ انداز میں فلک شبیر سے معذرت کرتے ہوئے اپنی سابقہ بات واپس لے لی۔
واضح رہے کہ شہریار منور کی جانب سے نبھایا جانے والا ابوبکر کا کردار پاکستان سمیت بھارت اور بنگلادیش میں بھی خاصا مقبول ہے۔ اپنی اہلیہ کے ساتھ محبت، احترام اور خیال رکھنے کے انداز کی وجہ سے ناظرین اسے ایک مثالی شوہر کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔