’’میں ایسی کئی خواتین کو جانتی ہوں جن میں یہی خوبیاں ہیں، لیکن انہیں اتنی پذیرائی نہیں ملی‘‘، ثانیہ سعید نے معاشرے کے دہرے معیار پر سوال اٹھا دیا۔ پاکستان کی نامور اداکارہ ثانیہ سعید نے مردوں اور خواتین کے رویوں کو جانچنے کے مختلف معاشرتی معیار پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین کی محبت، قربانی اور دوسروں کا خیال رکھنے کو ایک معمول کی بات سمجھا جاتا ہے، لیکن جب کوئی مرد یہی خوبیاں دکھاتا ہے تو اسے غیر معمولی انسان قرار دے دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اچھے رویے کو کسی ایک جنس کی خاص خوبی بنانے کے بجائے اسے عام کرنے کی ضرورت ہے۔
ثانیہ سعید نے بچوں کی تربیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی نصیحتوں سے زیادہ ان کا عملی کردار بچوں کی شخصیت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ بچے گھر میں جو رویے دیکھتے ہیں، وہی آگے چل کر ان کی سوچ کا حصہ بن جاتے ہیں۔
اداکارہ نے اس سوچ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے تحت خواتین کی ایک غلطی یا معاشرتی توقعات کے برخلاف کیا گیا فیصلہ ان کی تمام خوبیوں اور کامیابیوں پر بھاری پڑ جاتا ہے۔ مسلسل تنقید کے باعث باصلاحیت خواتین بھی خود اعتمادی کھونے لگتی ہیں۔
ثانیہ سعید نے پاکستانی ڈراموں میں خواتین کے کرداروں کی عکاسی پر بھی اعتراض اٹھایا۔ ان کے مطابق ضروری نہیں کہ ایک خودمختار عورت کو محبت اور قبولیت حاصل کرنے کے لیے اپنے فیصلوں پر پچھتاتے ہوئے دکھایا جائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سمجھدار اور خوداعتماد خواتین سے بھی غلطیاں ہوسکتی ہیں۔ انہیں بھی اپنے تجربات سے سیکھنے، زندگی میں آگے بڑھنے اور دوسروں کی حمایت حاصل کرنے کا پورا حق ہے۔