نہاری سے قورمے تک: پاکستانی ذائقے چین کے خلائی سٹیشن میں، ’ایک ہی دل ہے، کتنی بار جیتو گے‘

چین کے سرکاری چینل چین گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) نے ایکس پر جاری پیغام میں بتایا ہے کہ ’چین کے خلائی سٹیشن پر چھ افراد کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں پاکستانی خلا باز کے لیے خاص طور پر منتخب کیے گئے 100 سے زائد اقسام پر مشتمل حلال کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔‘

بثر چکن، بیف نہاری، بکرے کا قورمہ اور چنے کا سالن ۔۔۔،

منہ میں پانی لانے والی ان ڈشز کے نام سنتے ہی ذہن میں کسی مصروف پاکستانی ریسٹورنٹ یا دعوت کا تصور آتا ہے، مگر اس وقت سوشل میڈیا پر ان روایتی پکوانوں کا ذکر ایک لگا ہی وجہ سے ہو رہا ہے۔

یہ کھانے بظاہر چین کے خلائی سٹیشن پر موجود خلا بازوں کے لیے تیار کیے گئے خصوصی حلال مینیو کا حصہ ہیں۔

چین کے سرکاری چینل چین گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) نے ایکس پر جاری پیغام میں بتایا ہے کہ ’چین کے خلائی سٹیشن پر چھ افراد کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں پاکستانی خلا باز کے لیے خاص طور پر منتخب کیے گئے 100 سے زائد اقسام پر مشتمل حلال کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔‘

سی جی ٹی این کے مطابق، ’ان کھانوں میں بیف نہاری، لیمب قورمہ اور چنے کا سالن بھی شامل ہیں۔‘

یاد رہے کہ بدھ کو خلا میں روانہ ہونے والے چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 پر چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے علاوہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی بھی سوار ہیں۔

شینژو 24 خلائی مشن کے تحت تین خلا بازوں کو تیانگونگ خلائی سٹیشن بھیجا گیا ہے جن میں تانگ ہونگ بو بطور کمانڈر، وو یی بطور فلائٹ انجینیئر اور پاکستانی پائلٹ محمد ذیشان علی بطور پے لوڈ سپیشلسٹ شامل ہیں۔

بدھ کے روز جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہونے والا 'شینژو 24' خلائی مشن چین کے خلائی سٹیشن سے منسلک ہو گیا ہے جس کے بعد 'شینژو 24' کا عملہ خلائی سٹیشن میں داخل ہوا۔

اس مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی موجودگی کے باعث چینی خلائی پروگرام کے متعلقہ شعبے نے چینی اور انگریزی زبانوں میں جہاں آپریشنل ہدایات تیار کی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی خلا باز کی کھانے کی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

خلا میں خوراک کا معاملہ ہمیشہ سے توجہ کا مرکز رہا ہے، ایسے میں پاکستانی خلا باز کے لیے حلال کھانوں اور جنوبی ایشیائی ذائقوں کی شمولیت نے سوشل میڈیا صارفین میں بھی بحث چھیڑ دی ہے۔

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے۔ اس دوران وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

’بٹر چکن خوش آئند، بیف نہاری سے لاتعلقی‘

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین پاکستانی کھانوں کے خلا تک پہنچنے پر حیرت اور خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

بعض صارفین نے اسے چین اور پاکستان کے قریبی تعلقات کی ایک علامت قرار دیا، جبکہ دیگر نے نہاری اور قورمے جیسے روایتی پکوانوں کے خلائی سفر پر دلچسپ تبصرے کیے۔

اسما نامی صارف نے پاکستانی خلا باز کے لیے خصوصا نہاری کو مینیو میں شامل کیے جانے کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے خلا باز کے مینیو میں نہاری کو جگہ دینے پر شکریہ۔‘

لیلیٰ نامی صارف نے کسی ملک کا نام لیے بغیر لکھا کہ یہ خبر یقینا ہمارے ’پڑوسیوں کی کیلوریز کو جلانے‘ کا سبب بنے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے چینی خلائی مشن میں شامل ہونے کی خبر انڈیا میں جہاں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے اور ملک کے بڑے اخبارات، ٹی وی چینلوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس پیش رفت کو نمایاں کوریج دی گئی ہے وہیں انڈیا میں سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر بحث مباحثہ جاری ہے اور خلا میں انڈیا اور پاکستان کی کامیابیوں اور دوڑ کا موازنہ بھی کیا جا رہا ہے۔

گرو نامی صارف نے لکھتے ہیں کہ ’ہم انڈینز کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ بٹر چکن، جو ایک انڈین پکوان ہے، خلا تک پہنچ گیا۔ پھر اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ اسے چینی خلائی سٹیشن پر موجود ایک پاکستانی خلا باز کے لیے تیار کیا گیا تھا۔‘

ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ ’تاہم ہم بیف نہاری سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستانی تھنک ٹینک کے اکاؤنٹ پاکستان سٹریٹیجک فورم کی پوسٹ میں اس کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے۔‘

’خلائی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز‘

سوشل میڈیا پر کئی صارفین ایسے بھی ہیں جنھوں نے پاکستانی خلا باز کے اس سفر کو سراہتے ہوئے اسے چین اور پاکستان کے قریبی تعلقات کی ایک علامت قرار دیا اور ساتھ ہی اس اقدام کو چین کی عالمی طاقت کا ایک ثبوت بھی قرار دیا۔

ایلکس ہینک نامی صارف نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’چین کی جانب سے مہمان نوازی کا شاندار مظاہرہ۔ یہی وجہ ہے کہ چین کو مستقبل کی عالمی طاقت قرار دیا جاتا ہے۔ یہ مشن خلائی تعاون کے ایک نئے دور کے دروازے کھول سکتا ہے۔‘

اور جہاں نہاری کو مینیو میں شامل کیے جانے پر صارفین نے حیرت و خوشی کا اظہار کیا وہیں کئی صارفین بریانی کو خبر میں جگہ نہ ملنے پر کچھ مایوس دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ بریانی کی پسند اور تراکیب کے حوالے سے سوشل میڈیا پر آئے دن صارفین کے درمیان مکالمہ جاری رہتا ہے اور اب اس ’تاریخی‘ موقع پر بریانی کا حوالہ نہ دیا جانا بہت سے صارفین کے دل پر گویا بجلی بن کر گرا۔

بریانی کے ایک فین نے لکھا کہ ’بیف نہاری کا مینیو میں آنا خوش آئند تاہم جب تک بریانی کو دسترخوان پر جگہ نہیں ملے گی مشن کا سواد مکمل نہیں ہو گا اس لیے ہم منتظر ہیں کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی ہمیں بریانی سے لطف لینے کی تصاویر جلد از جلد بھیجیں۔‘

واضح رہے کہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روز قیام کے دوران متعدد سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

پاکستان کا شمار خلائی دوڑ میں شامل بڑی طاقتوں میں نہیں ہوتا۔ تاہم اس تاریخی سفر کی تیاری کئی ماہ پہلے شروع ہو چکی تھی، جب رواں سال اپریل میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خصوصی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

محمد ذیشان علی نہ صرف تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے پاکستانی ہیں بلکہ وہ چین کے خلائی سٹیشن تک پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہے۔

سپارکو کے مطابق ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روز قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

ذیشان علی خلا میں کیا کریں گے؟

پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے ’سپارکو‘ کے مطابق چائنا مینڈ سپیس ایجنسی اور ’سپارکو‘ کے اشتراک سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ پاکستان کی انسانی خلائی تحقیق میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

سپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں بطور پے لوڈ سپیشلسٹ (سائنسی تجربات کے ماہر) شریک ہوں گے۔ اُن کی بنیادی ذمہ داری خلا میں کششِ ثقل کے انتہائی کم اثرات والے ماحول میں پاکستان کے سائنسی تجربات انجام دینا ہوگی۔

یہ تجربات پاکستانی جامعات اور محققین کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں اور ان کا تعلق میٹریل سائنس، فلوئیڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی سے ہے۔ ماہرین کے مطابق ان تحقیقات کے نتائج موسمیاتی تبدیلیاں، غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس مشن کے اہم تجربات میں سے ایک خلا میں طویل عرصے تک انسانی زندگی کو ممکن بنانے سے متعلق ہے۔ اس مقصد کے لیے مائیکرو الجی (خردبینی آبی پودوں) کی افزائش کا مطالعہ کیا جائے گا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا اسے مستقبل کے طویل دورانیے کے خلائی مشنز میں خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔

’پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل‘

سپارکو کے مطابق مزید تین تجربات کے لیے نمونے خلائی سٹیشن کے بیرونی ماڈیولز پر نصب کیے جائیں گے۔ ان کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ کوئنوا کے بیج (ایک غذائیت سے بھرپور بیج جسے اناج کی طرح پکایا اور کھایا جاتا ہے) کائناتی شعاعوں اور کم کششِ ثقل کے ماحول میں کس حد تک محفوظ رہتے ہیں، جبکہ ایسے جدید مواد کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو نقصان پہنچنے کی صورت میں خود کو مرمت کر سکتے ہیں اور سخت خلائی ماحول کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان تجربات سے مستقبل میں زیادہ مضبوط فصلوں کی تیاری، ہوائی اور خلائی جہازوں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں کمی، اور خلائی ڈھانچوں کے لیے زیادہ پائیدار مواد کی تیاری میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ پاکستان کے لیے کتنا اہم ہے؟

انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میں ’آئی کیوب قمر‘ پر کام کرنے والی ٹیم کے رُکن پروفیسر ڈاکٹر خُرم خورشید کہتے ہیں کہ آج کے جدید دور مین دُنیا کا ہر ملک خلائی برتری کی دوڑ میں شامل ہے اور پاکستان کو بھی اس کی اہمیت کا ادراک ہے۔

بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خُرم خورشید کا کہنا تھا کہ خلا ہی انسانی جستجو کی آخری سرحد ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان حالیہ کچھ برسوں میں چین کے اشتراک سے سیٹلائٹ ڈیزائن اور لانچ پر کام کر رہا ہے اور پاکستان نے اپنا پہلا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ بھی چین کی مدد سے ہی چاند کے مدار میں بھیجا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 2024 میں یہ مصنوعی سیارہ چین کے خلائی راکٹ چینگ ای سکس کی مدد سے چاند کی جانب روانہ کیا گیا تھا اور اس سے پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا تھا۔

ڈاکٹر خُرم خورشید کہتے ہیں کہ پاکستان بھی اس خلائی دوڑ میں شامل ہے اور وہ خلا میں اپنے قدم جمانا چاہتا ہے۔

’پاکستانی خلاباز کی خلا میں روانگی اور وہاں تجربات کرنا یہ پاکستان کے طویل مدتی خلائی پروگرام کا حصہ ہے، حس کا مقصد خلا میں اپنا فٹ پرنٹ بنانا ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی خلاباز کے خلا میں جانے سے پاکستان کے عوام میں خلائی تحقیق کے شعبے میں آگاہی آئے گی۔

’پاکستان نے جب چاند کے مدار پر سیٹلائٹ بھیجا تو لوگوں میں جوش و جذبہ تھا اور لوگوں میں آگہی آئی تھی، اس ایونٹ سے بھی نوجوان اس شعبے میں مزید دلچسپی لیں گے۔‘

’انڈیا کے ساتھ چار روزہ لڑائی خلائی تحقیق میں فنڈنگ کا باعث بنی‘

پروفیسر ڈاکٹر خُرم خورشید کہتے ہیں کہ گذشتہ برس انڈیا اور پاکستان کی چار روزہ لڑائی کے بعد حکومت نے خلائی شعبے میں فنڈنگ میں اضافہ کیا۔

’جو سیاسی صورتحال ہے، اس میں ملکی سالمیت اور خود مختاری کے لیے بھی اس شعبے میں ترقی ضروری ہے، سپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور چپ ڈیزائننگ میں بھی پاکستان اب آگے بڑھنا چاہتا ہے۔‘

اُن کے بقول ذیشان ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے اور اُن کا خلا میں تجربہ بہت قیمتی ہو گا اور وہ واپس آ کر دیگر پاکستانی خلانوردوں کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کریں گے۔

پاکستان کے خلائی پروگرام سے متعلق پروفیسر ڈاکٹر خرم رشید کا کہنا تھا کہ اگلے سال پاکستان کی خلائی گاڑی بھی چاند پر لینڈ کرے گی۔ تو آگے خلائی تحقیق کے حوالے سے پاکستان کے لیے بہت سی اچھی خبریں ہیں۔

’پاکستان کو خلائی تحقیق کے میدان میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے‘

پنجاب یونیورسٹی لاہور کے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود کے مطابق اس تاریخی پیش رفت کے باوجود پاکستان کو خلائی تحقیق کے میدان میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔

بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان چینی خلائی جہازوں، راکٹوں اور تربیتی سہولیات پر انحصار کر رہا ہے۔ جبکہ ملک میں جدید خلائی تحقیق کے وسائل ناکافی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ایک جامع اور طویل المدتی قومی خلائی پالیسی اور انسانی خلائی پرواز کی حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود کہتے ہیں کہ پاکستان چین کے مجوزہ چانگ ای-8 (Chang'e-8) قمری مشن، جو تقریباً 2028 میں متوقع ہے، کے لیے ایک قمری روور تیار کر رہا ہے۔ تاہم، ابھی تک کسی پاکستانی خلاباز کو چاند پر بھیجنے کے حوالے سے کوئی تصدیق شدہ معاہدہ سامنے نہیں آیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے چاند کی سطح پر تحقیق، روبوٹک مشنز، خودکار نیویگیشن، معدنی وسائل کی تلاش اور سیاروں کے علوم میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

چین کیا حاصل کرنا چاہتا ہے؟

چینی سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ نے لکھا ہے کہ چین مستقبل میں غیر ملکی خلانوردوں کے ساتھ مزید ایسے مشنز کا ارادہ رکھتا ہے۔

اخبار کے مطابق ’پاکستانی خلانوردوں کے لیے تیار کیے گئے نصابی مواد کو آئندہ دوسرے ممالک کے خلانوردوں کی تربیت میں بھی استعمال کیا جائے گا۔‘

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق چین کے اس تازہ مشن میں ’مشترکہ خلائی سائنسی تجربات‘ اور ’تجربی نمونوں اور یونٹس کی تنصیب‘ شامل ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق اس مشن کے دوران تقریباً 90 سائنسی تجربات اور تحقیقی منصوبے انجام دیے جائیں گے، جن میں خلائی حیاتیات، خلائی مواد، مائیکرو گریویٹی یا انتہائی کم کششِ ثقل میں مادّوں کے رویوں کا مطالعہ، بنیادی طبیعیات، خلائی طب اور نئی خلائی ٹیکنالوجیز سے متعلق تحقیقات شامل ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US