”میں عبدالالسید سے ملاقات کروں گا، وہ ایک ذہین شخص ہیں۔ صحت کی سہولیات کے معاملے پر ہم کسی درمیانی راستے تک پہنچ سکتے ہیں۔“
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن سے منتخب ڈیموکریٹ رہنما عبدالالسید سے ملاقات کا عندیہ دے دیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کے سخت مخالف رہنے والے دونوں رہنما اب امریکی نظامِ صحت میں اصلاحات پر بات چیت کرسکتے ہیں۔
نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے عبدالالسید کی جانب سے تمام امریکی شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کا نام ’ٹرمپ کیئر‘ رکھنے کی تجویز کو پسند کیا۔
عبدالالسید چاہتے ہیں کہ ہر امریکی کو پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری لمحے تک علاج کی سہولت میسر ہو۔ انہوں نے رواں ماہ سوشل میڈیا پر سنہری رنگ کا ’ٹرمپ کیئر‘ کارڈ بھی شیئر کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ اور ان کے حامی عبدالالسید پر سنگین الزامات عائد کرتے رہے، جبکہ ڈیموکریٹ رہنما خود بھی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے سخت ناقد رہے ہیں۔
42 سالہ عبدالالسید نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگے نظامِ علاج کو عام شہریوں کے لیے آسان بنانے اور سیاست میں دولت کا اثر کم کرنے پر خصوصی توجہ دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق عبدالالسید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن بننے جا رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں سیاسی حریفوں کے درمیان مجوزہ ملاقات امریکی نظامِ صحت میں کسی اہم تبدیلی کی بنیاد بن پاتی ہے یا نہیں۔