ایلوپیشیا کا سامنا: ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار تھییا ہیل نے براہِ راست نشریات میں سر منڈوا لیا

image

ڈبلیو ڈبلیو ای کی این ایکس ٹی (NXT) اسٹار تھییا ہیل نے 24 نومبر 2026ء کو ہونے والے پروگرام کی براہِ راست نشریات کے دوران خودکار مدافعتی بیماری ایلوپیشیا ایریاٹا (Alopecia Areata) کی تشخیص کے بعد ریسلنگ رنگ میں اپنا سر منڈوا لیا۔

اس اقدام کے ذریعے انہوں نے خود اعتمادی، خود کو قبول کرنے اور ظاہری شکل و صورت کے روایتی دباؤ کا سامنا کرنے کا پیغام دیا۔

23 سالہ تھییا ہیل، جن کا اصل نام میڈیسن کنزلی ہے، نے رنگ میں جذباتی گفتگو کے دوران کہا کہ خواتین ریسلرز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ رنگ میں آنے سے پہلے میک اپ اور بالوں سمیت ہر لحاظ سے بہترین اور مکمل نظر آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایلوپیشیا ایریاٹا کی تشخیص کے بعد چار ماہ سے بھی کم عرصے میں ان کے تقریباً 40 فیصد بال جھڑ چکے ہیں۔

انہوں نے پہلی بار اگست 2026ء میں انسٹاگرام پر اپنی اس بیماری کا ذکر کیا تھا۔ تھییا ہیل نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے وہ اس الجھن اور پریشانی میں مبتلا تھیں کہ آیا بال دوبارہ اگیں گے یا نہیں، ان کا روپ کیسا ہوگا اور بال نہ ہونے کی صورت میں لوگ انہیں کس نظر سے دیکھیں گے۔ تاہم، ان کے بقول اس تجربے نے انہیں اپنی ذات کے نئے پہلوؤں کو سمجھنے اور اپنی کمزوری کو طاقت میں بدلنے کا حوصلہ دیا۔

انہوں نے اپنی حریف چینٹل منرو کے طنز کا بھی جواب دیا، جو حالیہ ہفتوں میں ان کے بال جھڑنے کا مذاق اڑاتی رہی تھیں۔ تھییا نے واضح کیا کہ اگرچہ ان الفاظ سے انہیں وقتی طور پر کمزوری اور شکست کا احساس ہوا، لیکن وہ کسی کو بھی اپنی بیماری پر شرمندہ کرنے یا اپنی ذات کے حوالے سے احساسِ کمتری پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

اپنی بات مکمل کرتے ہوئے تھییا ہیل نے کہا کہ بال ہوں یا نہ ہوں، وہ وہی تھییا ہیل ہیں، اور ایک ایسے ماحول میں جہاں بہت کچھ بناوٹی ہوتا ہے، یہ ان کی اصل حقیقت ہے۔ اس کے بعد انہوں نے رنگ کے وسط میں ہیئر کلپرز کی مدد سے اپنا سر منڈوا لیا۔

شائقین نے تالیوں اور نعروں کے ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، جبکہ رنگ سے باہر نکلتے ہوئے انہوں نے خود کو ’گنجی اور خوبصورت‘ قرار دیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس واقعے کی ویڈیوز جاری کی گئیں اور شان مائیکلز سمیت دیگر ریسلرز نے ان کی ہمت کو سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US