کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے واقعے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے منہدم عمارت کے اسٹرکچرل ذمہ دار ادریس انیس نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے مطابق واقعے کے بعد سے مفرور عمارت کے مالک کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس اور انتظامیہ کی کارروائیوں کے تحت اس سے قبل گرفتار کیے گئے ٹھیکیدار کے رشتہ داروں سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے، جہاں عدالت نے تفتیش کے لیے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
سانحے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں تھانہ ٹیپو سلطان میں درج کیا گیا ہے، جبکہ غفلت برتنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے متعلقہ افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل اور عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جائے وقوعہ پر ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ جمعرات کے روز ملبے سے ایک اور لاش برآمد ہونے کے بعد اس المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔