کراچی میں سردی کب بڑھے گی؟ محکمہ موسمیات نے دسمبر سے متعلق پیشگوئی کردی

image

کراچی میں سردیوں کا انتظار کرنے والوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر کے باقی دنوں میں شہر کا موسم دن کے وقت خشک رہے گا جبکہ راتوں میں خنکی محسوس کی جائے گی۔ دسمبر شروع ہوتے ہی موسم میں بتدریج تبدیلی آنے اور سردی بڑھنے کی توقع ہے۔

شہر میں بلوچستان سے آنے والی ہواؤں کا اثر نمایاں رہ سکتا ہے جبکہ صبح سویرے دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے کا بھی امکان ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ نومبر کے دوران کراچی میں موسم سرما کی بارشیں متوقع نہیں ہیں۔

کراچی میں کم ترین درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دن میں پارہ 32 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کی شرح 86 فیصد ہے اور ہوائیں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سرد موسم برقرار ہے۔ کالام میں درجہ حرارت 2، سیدو شریف میں 5، چترال میں 6 جبکہ پشاور میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی اور لکی مروت میں دھند چھانے کی توقع ہے، تاہم بارش کا امکان نہیں۔

بلوچستان کے شمالی اضلاع بھی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات میں پارہ 3 اور کوئٹہ میں 4 ڈگری تک گر گیا ہے، جبکہ زیارت اور چمن میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے مقابلے میں ساحلی علاقوں کا موسم نسبتاً معتدل ہے، جہاں گوادر میں 15 اور جیوانی میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے، البتہ کراچی میں دسمبر کے دوران سردی کا اثر بتدریج بڑھ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US