امی بالکونی میں کھڑی ہمارا انتظار کرتی تھیں۔۔ صبور علی کو ماں کی کون سی بات آج بھی یاد آتی ہے؟

image

’’جب ہم کام کے لیے گھر سے باہر ہوتے تھے تو امی کو ہماری بہت فکر رہتی تھی۔ وہ بالکونی میں کھڑی ہماری واپسی کا انتظار کرتی تھیں اور ہماری سلامتی کے لیے دعائیں مانگتی رہتی تھیں۔ آج مجھے ان کی بہت یاد آتی ہے۔‘‘

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی نے انسٹاگرام پر اپنی مرحومہ والدہ راحت علی سے جڑی ایک جذباتی یاد مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔

صبور علی نے کم عمری میں ڈرامہ ’محمود آباد کی ملکائیں‘ سے اداکاری کا سفر شروع کیا تھا۔ ان کی والدہ نے نہ صرف انہیں بلکہ سجل علی کو بھی اپنے خواب پورے کرنے کا حوصلہ دیا۔ دونوں بہنوں کی کامیابیوں کے پیچھے ان کی ماں کی بے پناہ محبت اور حمایت شامل تھی۔

تاہم راحت علی میں کینسر کی تشخیص نے تینوں بہن بھائیوں کی زندگی بدل کر رکھ دی۔ والدہ کی وفات کے بعد وہ اس ہستی سے محروم ہوگئے جو ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی رہتی تھی۔

صبور علی اب خود بھی ایک بیٹی کی ماں ہیں۔ ایسے میں انہیں اپنی والدہ کی محبت، فکر اور انتظار سے جڑے وہ لمحے یاد آتے ہیں جو کبھی ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہوا کرتے تھے۔

وقت گزرنے کے باوجود اداکارہ آج بھی اپنی زندگی میں ماں کے سہارے کی کمی شدت سے محسوس کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US