حکومت نے آئندہ تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ ترجمان اوگرا کے مطابق قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کے منظور کردہ پرائسنگ میکنزم کے تحت کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت ایک روپے فی لیٹر کمی کے بعد 312 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز بھی پیٹرول کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے اسے 313 روپے فی لیٹر مقرر کیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت 346 روپے فی لیٹر رکھی گئی تھی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ تین روز کے لیے ہوگا۔