پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض منظور، ایشیائی ترقیاتی بینک کا اعلان

image

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق قرض کے ذریعے نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافے اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے فروغ میں معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت کو سرمایہ کاری کے قابل اور پائیدار منصوبوں کی تیاری میں بھی مدد دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری سے متعلق امور کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ چار وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس کے قیام کی بھی حمایت کی جائے گی۔

اے ڈی بی کے مطابق 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ پی پی پی منصوبوں سے متعلق مالیاتی خطرات کی نگرانی، شفافیت اور انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق قومی پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب کے ذریعے سرکاری اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US