سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے زیراہتمام کراچی میں جلسے اور احتجاجی مظاہرے کے سلسلے میں ’’سندھ منھنجی امان‘‘ ملین مارچ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
پارٹی سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں کارکنوں کا بڑا قافلہ اسٹیل ٹاؤن پہنچ گیا ہے، جہاں شرکاء کی بڑی تعداد موجود ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، ملین مارچ کی یہ ریلی اسٹیل ٹاؤن سے روانہ ہو کر نیشنل ہائی وے اور شاہراہ بھٹو کے راستے کراچی کے ساؤتھ زون میں داخل ہوگی۔
اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ روٹ پلان اور سیکیورٹی انتظامات کے تحت پولیس کی بھاری نفری ریلی کے شرکاء کے ہمراہ قیوم آباد تک جائے گی۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ریلی قیوم آباد سے ہوتی ہوئی اپنے اختتامی مقام کراچی پریس کلب پہنچے گی، جہاں جلسے اور خطابات کا اہتمام کیا جائے گا۔