کراچی: بلوچ کالونی میں عمارت گرنے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی، 13 افراد زخمی

image

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی، کراچی ایڈمن سوسائٹی کے قریب زیرِ تعمیر عمارت گرنے کے واقعے میں ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے تلے دبی ایک اور لاش برآمد کرلی گئی ہے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی ہے، جبکہ جناح اسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں کی تعداد تیرہ تک پہنچ گئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے نکالی جانے والی تازہ ترین لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں امدادی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔

حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں میں محمد نوید ولد عزیز خان، فرحان ولد وحید عزیز، ارسلان ولد غلام عربی، نجیب ولد عبدالکریم، عابد ولد مصطفیٰ، علی شیر ولد بلال، اللہ دتہ ولد ابراہیم، علی حسن ولد محمد بلال، وقاص ولد فیاض، صغیر ولد ظفر، حسیب ولد اکرام، وقاص ولد نور احمد، جبران ولد حبیب الرحمن، عباس ولد راہب خان اور محمد مفید ولد غمین گل شامل ہیں۔

دوسری جانب عمارت کے ملبے سے نکال کر جناح اسپتال پہنچائے جانے والے زخمیوں میں نادر حسین ولد علی نواز، احمد ولد ظفر اقبال، نوید ولد مساقوت خان، روح اللہ ولد محمود جان، عزیز الحق ولد حبیب الرحمن، واصل خان ولد عبید الحکیم، عطاء اللہ ولد عبدالحکیم، احسن ولد محمد اکرم، محمد نقی ولد اللہ دتہ، لال خان ولد شوکت علی، بلال ولد روح اللہ، عادل ولد شفیق شیخ اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے، جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US