شہر قائد میں طارق روڈ انڈر پاس کے قریب تیز رفتار گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ طارق روڈ پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، گاڑی بے قابو ہوکر ٹرک سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 24 سے 25 سال کے درمیان ہیں، تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے حادثے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔