یشسوی جیسوال: ڈبل سنچری بنانے والے کم عمر اوپنر کا گول گپے کے ٹھیلے سے انڈین کرکٹ ٹیم تک کا سفر

صرف 22 سال کی عمر میں انڈین اوپنر یشسوی جیسوال نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سینچری بنائی ہے۔ ان کے کوچ کے مطابق ان کا انڈین کرکٹ ٹیم تک پہنچنے کا سفر آسان نہ تھا۔
Yashasvi Jaiswal, India, Englandm Double Century
Getty Images
یشسوی جیسوال نے 290 گیندوں پر 209 رنز سکور کیے

صرف 22 سال کی عمر میں انڈین اوپنر یشسوی جیسوال نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سینچری بنائی ہے۔

وشاکاپٹنم میں جب جمعے کو ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ختم ہوا تو بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز 179 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ ڈبل سینچری بنانا چاہیں گے اور کھیل کے اگلے ہی دن جو انھوں نے کہا تھا وہ کر دکھایا۔

یشسوی نے 290 گیندوں پر 209 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 19 چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔

وہ انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے تیسرے کم عمر ترین انڈین کرکٹر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل 1993 میں ونود کامبلی انگلینڈ کے خلاف 21 برس 32 دن کی عمر میں ڈبل سینچری سکور کر چکے ہیں۔

ان کے علاوہ کرکٹ لیجنڈ سُنیل گواسکر نے 21 برس 277 دن کی عمر میں ڈبل سینچری بنائی تھی۔

Yashasvi Jaiswal, India, Englandm Double Century
Getty Images
جب جمعے کو ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ختم ہوا تو وہ 179 رنز پر ناٹ آوٹ تھے

یشسوی جس کے پاس ’پیسے تھے نہ کھانے کو کچھ‘

یشسوی جیسوال نے 2020 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوران اپنی شاندار کارکردگی کے سبب لوگوں کی توجہ حاصل کی تھی۔

اُن کے کوچ جوالا سنگھ نے بی بی سی ہندی سے گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ یشسوی کے لیے کرکٹ کا سفر آسان نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے جب اُسے پہلی مرتبہ کھیلتے ہوئے دیکھا تو اس کی عمر 11 یا ساڑھے 11 سال ہوگی۔‘

جوالا سنگھ مزید کہتے ہیں کہ ’اس سے بات کر کے مجھے اندازہ ہوا کہ وہ مشکلات کا شکار ہے۔ اس کے پاس نہ پیسے تھے، نہ کھانا تھا اور نہ رہنے کی جگہ تھی۔‘

کرکٹ کوچ کے مطابق یشسوی ایک کلب گارڈ کے ساتھ جھونپڑی میں رہتے تھے۔

جوالا سنگھ بتاتے ہیں کہ 'یشسوی دن میں کرکٹ کھیلتا تھا اور رات میں گول گپے فروخت کرتا تھا۔'

وہ کہتے ہیں کہ انڈین کرکٹر کم عمری میں اُتر پردیش میں اپنا گھر چھوڑ کر ممبئی آئے تھے۔

جوالا سنگھ کے مطابق 'وہ یشسوی جیسوال کے لیے مشکل وقت تھا کیونکہ بچوں کو گھر تو یاد آتا ہے۔ ایک طرح سے سمجھیں کہ وہ اپنے بچپن سے محروم رہا ہے۔'

جوالا سگھ کہتے ہیں کہ وہ یشسوی جیسوال کے مسائل اس لیے سمجھ سکتے تھے کیونکہ وہ انھی مسائل سے خود بھی کم عمری میں گزرے تھے۔

’یشسوی جیسوال کو گھر سے تھوڑے سے پیسے بھیجے جاتے تھے اور وہ پلٹ کر کوئی شکایت بھی نہیں کر سکتا تھا کیونکہ اس کے دل میں ڈر تھا کہ اگر اس کے خاندان کو حالات کا پتا چلا تو وہ انھیں واپس گھر بُلالیں گے۔‘

Yashasvi Jaiswal, India, Englandm Double Century
Getty Images
انڈین کرکٹر کمر عمری میں اُتر پردیش میں اپنا گھر چھوڑ کر ممبئی آئے تھے

’ایک اچھی پرفارمنس کو لمبے عرصے تک نہیں یاد رکھنا چاہیے‘

انڈر 19 ورلڈ کپ میں یشسوی جیسوال کی پرفارمنس پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کے کوچ جوالا سنگھ کا کہنا تھا کہ اتنے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کا بہت خیال رکھنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایک غلطی سے بہت کچھ چلا جاتا ہے۔ اگر ہم ریکارڈ پر نظر دوڑائیں تو ایسے بہت سے کھلاڑی ہیں جنھوں نے سخت محنت کی لیکن ان میں سے کچھ ہی اپنے آپ کو بڑا کھلاڑی بنا سکے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'چھوٹی کامیابیوں سے فرق نہیں پڑتا۔ یہ سب عارضی ہے، ایک میچ میں اچھا کھیلنے کے بعد آپ کو دوسرا میچ بھی کھیلنا ہے اور اس میں بھی پرفارم کرنا ہے۔'

'میں نے یشسوی کو بہت پہلے یہ بات سمجھائی تھی کہ ایک اچھی پرفارمنس کو زیادہ لمبے عرصے تک یاد نہیں رکھنا چاہیے، ہمیشہ رنز کے لیے اپنی بھوک کو برقراد رکھو۔'

ابتدائی دنوں میں کوئی بھی ان کی مدد کرنے کو تیار نہیں تھا۔ جوالا سنگھ کہتے ہیں کہ 'انھوں نے مجھے بتایا تھا کہ کرکٹ کھیلنے کے لیے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں اور اس کے لفظوں نے میرے دل کو چھو لیا۔'

جوالا سنگھ نے یشسوی جیسوال کی مدد کی۔ ان کا کہنا ہے کہ 'اسے کھیلتا ہوئے دیکھ کر لگتا تھا جیسے کہ میں خود کھیل رہا ہوں کیونکہ اس کے کھیلنے کا انداز بھی مجھ سے مماثلت رکھتا ہے۔'

کوچ کے مطابق 'جب میں یشسوی سے ملا اس وقت میرے حالات اچھے ہو چکے تھے۔ میں نے ان کی رہائش، کھانے اور کوچنگ کا انتظام کیا، یہاں تک کہ اسے ٹریننگ کے لیے انگلینڈ بھی بھیجا۔'

پھر اس برس آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز نے یشسوی جیسوال کی خدمات دو کروڑ 40 لاکھ روپے میں حاصل کر لیں تھیں۔

https://twitter.com/Ctrlmemes_/status/1753680371387101450

سوشل میڈیا صارفین بھی انڈین کرکٹر کی محنت پر انھیں سراہتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

'ایکس' پر لوگ ایک دوسرے کو بتاتے ہوئے نظر آئے کہ اگر محنت کی جائے تو گول گپے کے ٹھیلے سے انٹرنیشنل کرکٹ تک کا سفر بھی طے کیا جا سکتا ہے۔

نہ صرف عام سوشل میڈیا صارفین بلکہ سابق کرکٹرز بھی یشسوی جیسوال کے گُن گاتے ہوئے نظر۔

https://twitter.com/KP24/status/1753641152333631911

انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے انھیں کھیلوں کی دُنیا کی 'عظیم ترین کہانی' قرار دیا۔

انڈیا کی ٹیم وشاکاپٹنم ٹیسٹ کے دوسرے دن 396 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔ یشسوی جیسوال کے علاوہ کوئی انڈین بیٹسمین 40 کے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.