ٹی20 ورلڈ کپ: امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست، انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

image

ٹی20 ورلڈ کپ سُپر ایٹ مرحلے کے نویں میچ میں انگلینڈ نے امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 

اتوار کو ہونے والا  ٹورنامنٹ کا 49واں میچ برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ کے آغاز میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر امریکہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ امریکہ کی ٹیم 18.5 اوورز میں ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو 116 رنز کا ہدف دیا۔ 

امریکہ کی جانب سے نتیش کمار 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کوری اینڈرسن نے 29، ہرمیت سنگھ 21، سٹیون ٹیلر 12 اور کپتان ایرون جونز نے 10 رنز سکور کیے۔ 

انگلینڈ کے بولر کرس جارڈن نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 5 بالز پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کورن اور عادل رشید نے 2،2 جبکہ لیام لیونگسٹون اور ریس ٹیپلی نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

واضح رہے کرس جورڈن انگلینڈ ٹیم کے پہلے بولر ہے جنہوں نے کسی ٹی20 ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک سکور کی ہے۔ 

116 رنز کا ہدف انگلینڈ ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 9.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کے اوپنرز جوس بٹلر 38 بالز پر 86 جبکہ فل سالٹ 21 بالز پر 25 رنز سکور کر کے اننگز کے اختتام تک ناٹ آؤٹ رہے۔ 

گروپ ٹو میں شامل امریکہ اور انگلینڈ سُپر ایٹ میں اب تک 3 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انگلینڈ 2 میچ جیت چکا ہے جبکہ امریکہ تینوں میچز میں شکست سے دوچار ہوا۔ 

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اس وقت انگلینڈ چار پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ سرفہرست ہے، چار پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ دوسرے، ویسٹ انڈیز تیسرے اور صفر پوائنٹس کے ساتھ امریکہ چوتھے نمبر پر ہے۔ 

امریکہ کے خلاف جیت کے ساتھ انگلینڈ سیمی فائنل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کل جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے میچ کے بعد ہوگا۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.