ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان کو سیمی فائنل میں چین سے شکست

image

 ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں میزبان چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

پیر کو چین میں جاری ایشیئن ہاکی ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور میزبان چین کے درمیان کھیلا گیا۔

مقررہ وقت میں میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا جس میں چین نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کر لی۔ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شوٹ آؤٹ میں گول نہ کر سکا۔ 

چین کے ڈور ایتھنک پارک، ہولن بیئر میں ہونے والے ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور چین کی ٹیموں نے پہلے ہاف کے کھیل میں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے۔

اس سے قبل پاکستان نے لیگ میچ میں چین کے خلاف پانچ ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل انڈیا اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

جمعرات کو پاکستان اور چین کے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلے کوارٹر کے آٹھویں منٹ پہلا گول عبدالرحمان نے کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول تیسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں ندیم احمد نے کیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے تیسرا گول چوتھے کوارٹر کے 15ویں منٹ میں شاہد حنان نے کیا۔

چین کے خلاف چوتھا گول ندیم احمد نے چوتھے کوارٹر کے چوتھے منٹ میں کیا۔

پانچواں گول شاہد حنان نے کیا جنہوں نے میچ کے آخری 23 سیکنڈ میں مجموعی طور پر گیند دوسری مرتبہ جال میں پہنچا کر ٹیم کو 1-5 کی فیصلہ کن برتری دلوا دی تھی۔

چین کی جانب سے میچ میں واحد گول چوتھے کوارٹر میں گاؤ جیشانگ نے کیا تھا۔

ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی  ہاکی ٹورنامنٹ میں یہ پاکستانی ٹیم کا چوتھا میچ تھا۔

دوسری جانب انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے جبکہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست کا سامنا انڈیا کے خلاف میچ میں ہوا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اس ایونٹ میں پانچ  میچز میں دو میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میں شکست اور دو میچ برابر رہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.