63 اے تشریح کیس: چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کا بینچ پر اعتراض مسترد کردیا

image

آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیل کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بینچ کی تشکیل کے حوالے سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل علی ظفر کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہم سب کا مشترکہ فیصلہ ہے بینچ پر اعتراض کو مسترد کرتے ہیں تاہم علی ظفر کی استدعا منظور کرتے ہوئے عمران خان سے فوری ملاقات کرانےکے احکامات جاری کردیے گئے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے 63 اے کی تشریح سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئیں اور ہمیں بےعزت کریں یہ ہم ہرگزبرداشت نہیں کریں گے۔

سماعت کے دوران آج ایک پی ٹی آئی ورکر مصطفین کاظمی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ یہ 5 رکنی لارجر بینچ غیرآئینی ہے، 500 وکیل ہمارا باہر ہے، دیکھتے ہیں آپ کیسے ہمارےخلاف فیصلہ دیتے ہیں۔

اس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے مصطفین کاظمی کو بیٹھنے کی ہدیت کرنے کے باوجود نہ بیٹھنے پر جسٹس قاضی فائز نے پولیس کو ہدایت کی کہ اس جینٹل مین کو باہر نکالیں۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفرکو مخاطب کرکے کہا کہ یہ کیا ہورہا ہے؟ علی ظفر آپ آئیں اور ہمیں بے عزت کریں یہ ہم ہرگزبرداشت نہیں کریں گے, ججز سے بدتمیزی کا یہ طریقہ اب عام ہوگیا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے بیرسٹرعلی ظفرسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے رویے سے جو تھوڑی ہمدردی تھی، وہ بھی ختم ہوگئی۔

چیف جسٹس نے علی ظفر سے کہا کہ آپ نےکہا فیصلہ سنادیں توہم نے سنادیا، ہم سب کا مشترکہ فیصلہ ہے بینچ کا اعتراض مستردکرتےہیں۔

اس پر علی ظفر نے کہا کہ بینچ بنانے والی کمیٹی کے ممبر بینچ کا حصہ ہیں، خود کیسے بینچ کی تشکیل کو قانونی قرار دے سکتے ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ایسا ہو تو ججز کمیٹی کے ممبر کسی بینچ کا حصہ ہی نہ بن سکیں، آپ ہمیں باتیں سناتے ہیں تو پھر سنیں بھی، ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں، توڑنے والوں میں سے نہیں، ہم نے وہ مقدمات بھی سنے جو کوئی سننا نہیں چاہتا تھا، پرویز مشرف کا کیس بھی ہم نے سنا۔

اس موقع پر جسٹس جمال مندو خیل نے کہا کہ میں 63 اے کیس میں بینچ کا حصہ تھا،کیا اب میں نظرثانی بینچ میں بیٹھنے سے انکار کرسکتا ہوں؟ کیا ایسا کرنا حلف کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟

چیف جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ یہاں تو فیصلوں کو رجسٹرار سے ختم کرایا جاتا رہا ہے، میں نے بینچ میں ان ہی ججز کو شامل کرنے کی کوشش کی، میں کسی کو مجبور نہیں کرسکتا۔

بعدا زاں عدالت نے کیس کی سماعت کل دن ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.