ملتان ٹیسٹ: پہلا دن پاکستان کے نام، شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی سینچریاں

image

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے۔

ملتان میں جاری ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے شان مسعود 151 اور عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ 0 رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کی طرف سے گس ایٹکنسن نے دو جبکہ جیک لِیچ اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پہلی اننگز

پاکستان کو پہلی اننگز میں پہلا نقصان جلد ہی اٹھانا پڑ گیا جب صائم ایوب 4 کے انفرادی سکور پر گس ایٹکنسن کی وکٹ بن گئے۔

پہلی وکٹ کے بعد شان مسعود اور عبداللہ شفیق کے درمیان شاندار شراکت داری قائم ہوئی جس میں دونوں بیٹرز نے خوب بیٹنگ کی۔

شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کے لیے 338 گیندوں پر 253 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

اس پارٹنرشپ کے دوران دونوں بیٹرز نے سینچریاں سکور کیں۔

شان مسعود 2020 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں سینچری بنانے میں کامیاب رہے جبکہ عبداللہ شفیق نے بھی ملتان کی بیٹنگ دوست پِچ پر اپنی فارم واپس لائی۔

انگلینڈ کو دوسری وکٹ طویل انتظار کے بعد تیسرے سیشن میں ملی جب عبداللہ شفیق 102 کے انفرادی سکور پر گس ایٹکنسن کی میچ میں دوسری وکٹ بن گئے۔

انگلینڈ کو تیسری وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور یوں کپتان شان مسعود 151 رنز بنا کر جیک لِیچ کی گیند پر اُن ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو چوتھا نقصان 324 رنز پر ہوا جب بابر اعظم اپنی ناقص فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 30 کے انفرادی سکور پر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 

کپتان شان مسعود 151 رنز بنا کر جیک لِیچ کی گیند پر اُن ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس ٹیم میں دو سپنرز اور تین فاسٹ بولرز ہیں، ہم چیزوں کو تبدیل کر کے ٹریک پر واپس آنا چاہتے ہیں۔‘

دوسری جانب انگلش کپتان اولی پاپ کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔‘

اس سے قبل گزشتہ روز تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ملتان سٹیڈیم میں ہوئی۔

ملتان ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صرف ایک سپنر ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔ شاہین آفریدی اور آل راؤنڈر عامر جمال نے بھی ٹیم میں واپسی کی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ نے بھی پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان سنیچر کو کر دیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو انجری مسائل کے باعث کپتان بین سٹوکس کی خدمات میسر نہیں ہوں گی اور اُن کی جگہ ٹیم کی قیادت اولی پوپ کر رہے ہیں۔

پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلش ٹیم کی پلیئنگ الیون میں زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ (کپتان)، جو رُوٹ، ہیری برُوک، جیمی سمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، برائیڈن کارس، جیک لِیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔

برائیڈن کارس پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ سے اپنا ڈیبیو کیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.