’پاکستان کو ایک اور فائنل میں شکست‘: ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل سری لنکا کے نام

ہانگ کانگ سپر سکسز کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

ہانگ کانگ سپر سکسز کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

اتوار کو فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے چھ اوورز میں صرف 72 رنز بنائے۔ اوپنر محمد اخلاق کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اخلاق نے 20 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

اخلاق کے ساتھی اوپنر محمد آصف پہلی ہی گیند پر دھننجے لکشن کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اوپنر اخلاق کے علاوہ ڈبل ڈجٹ میں سکور کرنے والے واحد کھلاڑی پاکستان کے کپتان فہیم اشرف تھے جنھوں نے چار گیندوں پر 13 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 5.2 اوورز میں 72 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے دھننجے لکشن اور تھرندو رتھنائیکے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا نے ہدف باآسانی پانچ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سندن ساندن ویراککودی نے بنائے۔ انھوں 13 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے دھننجے لکشن میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ تھرندو رتھنائیکے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس سے قبل سُپر سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ہانگ کانگ میں ہونے والے اس پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا نے پہلے بیٹگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا جسے کے جواب میں پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں بال پر حاصل کر لیا۔

فہیم اشرف کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کے اوپنرز محمد اخلاق نے 10 گیندوں کا سامنا کیا اور تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے تاہم اُن کا ساتھ دینے والے آصف علی اپنے دو گزشتہ میچز کی طرح اس میچ میں نصف سینچری تو نہ بنا سکے مگر وکٹ کی دوسری جانب اپنے قدم جمائے رکھے اور انھوں نے آٹھ گیندوں کا سامنا کیا اور پانچ چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ تاہم کپتان فہم اشرف نے نو گیندوں پر 19 جبکہ عامر یامین نے 8 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور نا آؤٹ رہے۔

اس ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا جس میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے پانچ وکٹوں پر 103 رنز بنائے۔ سری لنکا نے ہدف 5.5 میں حاصل کر لیا۔

ایک اور فائنل میں شکست۔۔۔۔۔

پاکستان کی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ اوپنر محمد اخلاق تو بہت اچھا کھیلے لیکن وہ کافی نہیں تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صارف احمد حسیب پاکستان کی ہار کا الزام کپتان فہیم اشرف پر لگاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف نے کیچ چھوڑ کر میچ ہروا دیا۔

رضوان علی نامی صارف کا کہنا تھا کہ پاکستان میچ اسی وقت ہار گیا تھا جب آصف علی پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

ایک اور صارف وسیم اکرم پاکستان کی ہار سے کافی دلبرداشتہ دکھائی دیے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ایک اور فائنل میں شکست۔

ایک اور صارف نے سری لنکا اور انڈیا کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا ٹورنامنٹ کے اپنے پانچوں میچ جیت کر چیمپیئن بن گیا جبکہ انڈیا کو اپنے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فرید خان نامی صارف کا کہنا تھا کہ پاکستان فائنل صرف اس لیے ہارا تاکہ انڈین مداح نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیست سیریز میں ہوئے وائٹ واش کو بھلا سکیں۔ ’ہم اپنے پڑوسیوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہیں۔‘

ہانگ کانگ سکسز میں پاکستان کی کارکردگی

پاکستانی ٹیم فائنل سے پہلے کھیلے جانے والے ہانگ کانگ سکسز 2024 کے تمام میچوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس منفرد ٹورنامنٹ میں ٹیمیں چھ چھ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں اور فی ٹیم چھ اوورز کھیلے جاتے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو صرف چھ اوورز میں 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس میچ میں آصف علی نے 14 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔

پاکستان نے عامر یامین اور آصف علی کی دو، دو وکٹوں کی بدولت یہ میچ 13 رنز سے جیت لیا تھا۔

تاہم روایتی حریف انڈیا کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں 120 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی آصف علی محض 14 گیندوں پر 55 رنز کی بدولت بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

فہیم اشرف نے دو اوورز میں 50 رنز دے کر رابن اتھاپا اور کیدار جادھو کی دو اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ہانگ کانگ سکسز کے دوران فہیم اشرف کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 17 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اس میچ میں پاکستانی اوپنر محمد اخلاق نے سات چھکوں کی مدد سے صرف 16 گیندوں پر 53 رنز بنائے جبکہ 11 گیندوں پر 27 رنز اور پھر دو وکٹیں بھی حاصل کرنے پر حسین طلعت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

انڈیا کو تمام میچوں میں شکست

رابن اتھاپا کی قیادت میں انڈیا کو ہانگ کانگ سکسز کے چاروں میچوں میں شکست ہوئی ہے۔

پاکستان سے ہارنے کے بعد انڈین ٹیم کا سامنا متحدہ عرب امارات سے ہوا جہاں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے انڈیا کو 131 رنز کا ہدف دیا۔

مگر اس ہدف کے تعاقب کے دوران مسلسل وکٹیں گِرنے کے باعث انڈین ٹیم کو اس وقت ایک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب پانچ اوورز میں اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے تھے۔ یعنی اب آخری اوور میں 32 رنز درکار تھے اور کریز پر سٹورٹ بِنی موجود تھے۔

انھوں نے اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگایا اور آصف خان کی اگلی چار گیندوں پر چار چھکے لگائے۔

اب انڈیا کو آخری گیند پر صرف تین رنز درکار تھے۔

مگر سٹورٹ بِنی متحدہ عرب امارات کے کپتان کی آخری گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکنے میں ناکام رہے۔ انڈین بلے باز دوسرے رن کے لیے بھی بھاگے مگر بِنی رن آؤٹ ہو گئے اور یہ میچمتحدہ عرب امارات نے ایک رن سے جیت لیا۔

انڈیا کو انگلینڈ کے خلاف بھی 15 رنز سے شکست ہوئی اور اس میچ کی ایک نمایاں بات یہ تھی کہ اس میں انگلش بلے باز روی بوپارا نے اتھاپا کو ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگائے تھے۔

انڈیا کو چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 44 رنز سے شکست ہوئی تھی۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.