یونان کشتی حادثے میں چار پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

image

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یونان میں ہونے والے کشتی حادثے میں چار پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کر رہے ہیں کہ یونان کے حکام کی جانب سے ملنے والی تازہ معلومات کے مطابق کریٹ جزیرے میں کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے چار پاکستانی شہریوں کی شناخت ہوئی ہے۔‘

مزید کہا گیا کہ ’ایتھنز میں ہمارا سفارتخانہ زندہ بچ جانے والوں کو سہولیات پہنچانے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو پاکستان لانے کے لیے یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘

اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں وزیر داخلہ نے پاکستانیوں کی اموات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں تھا اس حادثے میں کتنے پاکستانیوں کی جان گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں یونان کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں اپنے شہریوں کی اموات کے بعد واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

وزارت داخلہ کے مطابق کشتی کے حادثے میں پاکستانیوں کی اموات کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے پانچ روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرنی تھی۔

محسن نقوی نے کہا تھا کہ ’انسانی سمگلنگ جرم ہے، جس میں ملوث مافیا کئی گھر اجاڑ چکے ہیں۔‘

انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف ملک گیر کارروائیاں شروع کرنے کی بھی ہدایات دیں۔ 

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کوسٹ گارڈ نے سنیچر کو کہا تھا کہ اُس تک 39 افراد جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ہے۔ انہیں کریٹ جزیرے میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی درست تعداد کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

یونانی حکام کو جمعے کی رات کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کے بعد کوسٹ گارڈ کی کشتیاں، تجارتی جہاز، ایک اطالوی فریگیٹ اور بحریہ کے طیارے لاپتہ افراد کو تلاش کرتے رہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.