لائیو: پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکراتی عمل مذاق ہے، خواجہ آصف

image
اہم نکات:

پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکراتی عمل مذاق ہے: خواجہ آصف 

اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ  76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی

یونان کشتی حادثے میں چار پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

اسلام آباد میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کا اجلاس

سٹیٹ بینک کا شرح سود میں دو فیصد کمی کا اعلان

موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا: پی ٹی اے

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’مذاکرات کرنے ہوں تو زبان کو خاموش اور لہجے کو نرم رکھنا پڑتا ہے۔‘

پیر کو میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’وزرا کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا، پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سپیکر کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع ہونا چاہیے، پی ٹی آئی پہلے رابطہ کرے گی اس کے بعد ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔،

’ابھی بھی تحریک انصاف کی زبان کی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ مذاکرات کرنے ہوں تو زبان کو خاموش اور لہجے کو نرم رکھنا پڑتا ہے۔‘

ان کے مطابق ’حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی کو کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے علاؤہ تحریک انصاف میں کسی کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے۔‘

اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ  76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی

اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ  76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی ہے۔

پیر کو منظور ہونے والے کے بعد اب صوبائی وزراء کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار کر دی جائے گی۔

بل کی منظوری کے بعد اب سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 50 ہزار کر دی جائے گی، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار ہو گی۔

پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہ 83 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار کر دی جائے گی، بل کی منظوری کے بعد اب سپیشل اسسٹنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار کر دی جائے گی۔

یونان کشتی حادثے میں چار پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یونان میں ہونے والے کشتی حادثے میں چار پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کر رہے ہیں کہ یونان کے حکام کی جانب سے ملنے والی تازہ معلومات کے مطابق کریٹ جزیرے میں کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے چار پاکستانی شہریوں کی شناخت ہوئی ہے۔‘

مزید کہا گیا کہ ’ایتھنز میں ہمارا سفارتخانہ زندہ بچ جانے والوں کو سہولیات پہنچانے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو پاکستان لانے کے لیے یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘

اسلام آباد میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کا اجلاس

اسلام آباد میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں مدارس ایکٹ پر غور وخوض ہوگا۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا: پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں ملک میں انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا، جو 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی۔

پیر کو پی ٹی اے سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اتھارٹی کے چیئرمین نے سالانہ رپورٹ برائے سال 2024 چیئرمین سینیٹ کو پیش کی جس کے مطابق براڈ بینڈ صارفین کی تعداد جون 2023 میں 12کروڑ 75 لاکھ سے بڑھ کر 14 کروڑ 23 لاکھ ہو گئی۔

یہ رپورٹ سال رواں کے دوران پی ٹی اے کی جانب سے کی گئی تکنیکی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ریگولیٹری اور صارف دوست اصلاحات کا جامع و مفصل جائزے پر مبنی  ہے۔

سٹیٹ بینک کا شرح سود میں دو فیصد کمی کا اعلان

پاکستان میں سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں دو فیصد کمی کر دی ہے۔

پیر کو سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق 200 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد شرح سود اب 13فیصد ہو گئی ہے۔

مانیٹری پالیسی کے اعلان سے قبل مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت کراچی میں ہوا جس میں معاشی اشاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پالیسی ریٹ کا اعلان کیا گیا۔

معاشی ماہرین اور تجزیہ کار افراط زر میں نمایاں کمی کے پیش نظر شرح سود میں دو فیصد تک کمی کا امکان ظاہر کر چکے تھے۔

رواں سال جون کے بعد سے مسلسل چار اجلاسوں میں شرح سود میں سات فیصد کمی پہلے ہی کی جا چکی تھی۔

نومبر میں افراط زر چار اعشاریہ نو فیصد پر آ گئی تھی، جو 78 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.