نو مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں: آئی ایس پی آر

image

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نو مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سُنا دی گئی ہیں۔

سنیچر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’9 مئی 2023  کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے۔ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘

سزا پانے والے 25 ملزمان میں کون کون شامل؟ یہاں کلک کریں

بیان کے مطابق ’نفرت اور جھوٹ پر مبنی ایک پہلے سے چلائے گئے سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات بشمول شہداء کی یادگاروں پرمنظّم حملے کیے گئے اور اُن کی بےحُرمتی کی گئی۔ یہ پُرتشدد واقعات پوری قوم کے لیے شدید صدمہ ہیں۔‘

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی سیاسی دہشت گردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلّط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

’اس یومِ سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی۔ ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کیے گئے۔‘

مکمل انصاف 9مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سزا ملنے پر ہوگا: آئی ایس پی آرآئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی۔‘

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ’کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے لیے بھجوائے گئے جہاں مناسب قانونی کارروائی کے بعد ان مقدمات کا ٹرائل ہوا۔‘

بیان کے مطابق ’کسی کو سیاسی دہشت گردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلّط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی‘ (فوٹو:اے ایف پی)

13 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ کے سات رکنی آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس کو زیرِ التواء مقدمات کے فیصلے سنانے کا حکم جاری کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں۔ سزا پانے والے ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے تمام قانونی حقوق فراہم کیے گئے۔

’نو مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ سزائیں اُن تمام افراد کے لیے واضح  پیغام ہیں جو چند مفاد پرستوں کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہوتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سیاسی پروپیگنڈے اور زہریلے جھوٹ کا شکار بننے والے افراد کے لیے یہ سزائیں تنبیہہ ہیں کہ مستقبل میں کبھی قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.