کوئٹہ سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے لیویز کی چوکی پر حملہ کرکے اہلکاروں کا اسلحہ چھین لیا اور سیمنٹ فیکٹری کی مشنری کو بھی آگ لگا دی۔لیویز حکام کے مطابق واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مستونگ کے علاقے دشت اور کولپور کے درمیانی علاقے میں پیش آیا۔
درجنوں مسلح افراد نے کوئٹہ کو سبی اور سکھر سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کی اور گاڑیوں کی تلاشی لی۔
لیویز کے مطابق مسلح افراد نے دشت گونڈین میں لیویز کی چوکی اور ایک سیمنٹ فیکٹری پر بھی حملہ کیا- حملے کے وقت چوکی میں صرف تین اہلکار موجود تھے جنہیں مسلح افراد نے یرغمالی بناکر ان کا اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین لیے-مسلح افراد نے کچھ فاصلے پر واقع سیمنٹ کی مشنری کو بھی نذر آتش کردیا۔ایس ایچ او دشت لیویز تھانہ اختر محمد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔واضح رہے دو دنوں کے دوران بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے اس طرز کا دوسرا حملہ ہے- اس سے قبل مسلح افراد نے خضدار کے علاقے زہری میں لیویز تھانے سمیت چار سرکاری عمارتوں پر حملہ کرکے انہیں نذر آتش کیا اور لیویز اہلکاروں کا اسلحہ اور سرکاری گاڑیاں و دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے تھے۔