لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا زرعی و صنعتی انقلاب کا خواب تیزی سے حقیقت بن رہا ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں زراعت، توانائی، صنعت کی وزارتوں اور ذیلی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے پنجاب میں زراعت، شمسی توانائی اور صنعتی انقلاب کے لیے فیصلے کیے گئے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 28 فروری تک 10 ہزار ٹریکٹرز کسانوں کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مریم نواز نے مارچ تک مزید 2 ہزار سپرسیڈرز رعایتی قیمت پر کسانوں کو دینے کی ہدایت کی۔ جبکہ تمام محکموں نے 6 ماہ کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب ٰکے شروع کردہ منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے علاوہ کوئی میرا باس نہ بنے ، شیر افضل مروت
اجلاس میں مریم نواز کے مفت شمسی توانائی اسکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور سرکاری عمارتوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کو جون تک مکمل کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔
شمسی توانائی کے فروغ کے لیے 6 ارب کے اضافی فنڈ دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔ جبکہ کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے فنڈز کے قیام کا عمل مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت، توانائی اور صنعت کی ترقی مریم نواز کا ایجنڈا ہے۔ اور پنجاب میں مریم نواز کا زرعی و صنعتی انقلاب کا خواب تیزی سے حقیقت بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان کی خوشحالی پنجاب اور پاکستان کی خوش حالی کی بنیاد ہے۔