چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ

image
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

بدھ کو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط لکھا۔

خط میں انہوں نے کہا ہے کہ ’سکندر سلطان راجہ کی مدت 26 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری میں شفافیت اور اتفاقِ رائے کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا کردار اہم ہے۔‘

عمر ایوب نے کہا کہ ’جلد پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر ایک غیر جانبدار شخص کو تعینات کیا جائے تاکہ الیکشن میں شفافیت پیدا کی جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔‘

خط میں اپوزیشن لیڈر نے حکومت اور پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے تاکہ آئندہ انتخابات میں کسی قسم کی بے چینی یا تنازع پیدا نہ ہو۔

دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے بھی اس معاملے پر چیئرمین سینیٹ کو خط تحریر کیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’آرٹیکل 215 کے تحت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ آرٹیکل213 کے تحت آئینی تقاضا پورا کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔‘

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، ممبر سندھ اور بلوچستان 26 جنوری کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.