نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح، پہلی کمرشل فلائٹ لینڈ کرگئی

image

سی پیک کوریڈور کے اہم منصوبے نیو گوادر ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا گیا جس کے لیے کراچی سے پہلی پرواز ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وفاقی وزیر خواجہ آصف اور چین کی اہم شخصیات نے مسافروں کا استقبال کیا۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 503 پہلی پرواز ہے جس نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

کراچی سے اس پرواز کی روانگی میں 45 منٹ تاخیر ہوئی تھی اور پرواز پی کے 503 صبح 9 بج کر 15 منٹ کے بجائے 10 بجے روانہ ہوئی تھی جس نے 11 بج کر 11 منٹ پر لینڈ کیا۔

کراچی سے گئی پہلی پرواز کو نیو گوادر ایئر پورٹ پر اترنے پر واٹر سلیوٹ دیا گیا۔ اس موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب بھی منعقد ہوئی۔

فلائٹ ریڈار پر نیو گوادر ایئر پورٹ کے مقام کو ٹیگ کیا گیا، اس کے ساتھ ہی فلائٹ ریڈار پر پرانے گوادر ایئر پورٹ کے مقام سے ایئر پورٹ ٹیگ ہٹا دیا گیا ہے۔

گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہے جو 430 ایکڑ پر گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔

نیو گوادر ایئر پورٹ کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جس میں بڑے ہوائی جہاز کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔

لگ بھگ 50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ گوادر ایئرپورٹ پر ایئر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے۔

نیو گوادر ایئر پورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024ء کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیا تھا تاہم ایئر پورٹ پر پروازوں کی باقاعدہ لینڈنگ آج سے شروع ہو رہی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.